Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Scholarly Articles

شعبان کثرت درودکا مہینہ


درود شریف کا حکم اور فضیلت:ماہ شعبان المعظم میں درود شریف کا حکم نازل ہوا، اسی لیے اس مہینہ میں کثرت سے درود شریف پڑھنے کا حکم ہے جیسا کہ الغنیۃ لطالبی طریق الحق میں ہے۔ وھو شھر تفتح فیہ الخیرات و تنزل فیہ البرکات و تترک فیہ الخطیئات و تکفرفیہ السیئات و تکثر فیہ الصلوٰۃ علی محمد صلی اللہ علیہ وسلم خیرالبریات وہوشہر الصلوۃ علی النبی المختار ۔ (الغنیۃ لطالبی طریق الحق ،ج1،ص188) ترجمہ:یہ وہ مہینہ ہے جس میں بھلائیوں کے دروازے کھولے جاتے ہیں، برکتیں نازل ہوتی ہیں، خطائیں درگذرکردی جاتیں ہیں ،گناہوں کومٹا دیا جاتا ہے اور حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کثرت سے ہدیۂ درود نچھاور کیا جاتا ہے جو مخلوق میں سب سے بہتر ذات گرامی ہیں اور یہ مہینہ نبی مختار صلی اللہ علیہ وسلم پر درودر وسلام پیش کئے جانے کا خصوصی مہینہ ہے۔ حضرت شیخ الاسلام عارف باللہ امام محمد انوار اللہ فاروقی بانی جامعہ نظامیہ علیہ الرحمۃ فتوحات ربانیہ شرح اذکار نوویہ کے حوالہ سے فرماتے ہیں: شیخ محمد بن علی نے حافظ ابو ذر ہروی کا قول نقل کیاہے کہ درود شریف کا حکم 2 ؁ھ میں نازل ہوا بعض کہتے ہیں مہینہ شعبان کا تھا اسی واسطہ شعبان کو شہر الصلوۃ کہتے ہیں۔(انوار احمدی ص61) دنیا میں لوگ اپنے بڑے کی تعظیم کرتے ہیں حتیٰ کہ فوج بھی اپنے سردار کو سلامی دیتی ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تو باعث تخلیق کون و مکان ہادی انس و جان شافع کل عالم و عالمیاں ہیں۔ آپ کے احسان تلے ساری دنیا ہے اور خصوصاً اہل ایمان پر تو ہمیشہ آپ کے احسانات کی بارش ہوتی رہتی ہے ۔ ہر وقت امت ہی کی فکر ہے اور ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے امت کی بخشش کے لئے دعائیں فرماتے ہیں۔ یہاں تک کہ ولادت سے لیکر شب معراج پھر تا وصال اور ہمیشہ میدان حشر ہوکہ میزان و صراط امت ہی کی فکر ہے ۔ تو ایسے محسن اعظم جن کے احسانات کا احاطہ و شمار ناممکن ہے تو پھر ہم امتیوں سے کیا اتنا بھی نہیں ہوسکتا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر خیر میں رطب اللسان رہیں اور آپ کی عظمتوں کا چرچا کریں ۔اللہ سبحانہ و تعالیٰ بذات خود حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کے ساتھ آپ پر صلاۃ و سلام نازل فرماتا ہے اور فرشتے بھی ہمیشہ آپ پر درود و سلام پڑھتے ہیں ۔ اسی لئے اہل ایمان کو صلاۃ کے ساتھ کثرت سلام کا تاکیدی حکم دیا گیا ہے ۔ ان اللّٰہ وملا ئکتہ یصلون علی النبی یایھاالذین آمنوا صلوا علیہ وسلموا تسلیما(سورہ احزاب : 56) درود و سلام ہی حضور سے تقرب کا عظیم ترین ذریعہ ہے چنانچہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: قیامت کے روز میرے سب سے زیادہ نزدیک وہ ہوں گے جو بکثرت مجھ پر صلاۃ و سلام پیش کرتے ہیں۔ (ترمذی شریف ج1 ص110 ) از : حضرت علامہ مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر

: In Inpage format..