Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Scholarly Articles

زجاجۃ المصابیح حنفی دلائل کا عظیم حدیثی انسائکلوپیڈیا


زجاجۃ المصابیح حنفی دلائل کا عظیم حدیثی انسائکلوپیڈیا

قرآن کریم اورحدیث شریف قانون اسلام کی بنیاد اور اساس ہیں، قرآن کریم دستور الہی اور ایک جامع قانون ہے،جس کی تفصیل وتشریح ہمیں احادیث مبارکہ کے ذریعہ ملتی ہے،اللہ تعالی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اداؤں کو سنت اور ارشادات وفرمودات کو شریعت بنادیا،آپ کو ساری مخلوق کی طرف نبوت و رسالت کی شان کے ساتھ مبعوث فرمایا اور آپ کی اطاعت و فرمانبرداری کو لازم و ضروری قرار دیا، آپ کے اقوال کو حجت اور اعمال کوسنت بنادیا اور آپ کی حیات طیبہ کو ساری کائنات کے لئے اُسوہ اور نمونہ بنایا اور آپ کی اطاعت کو اپنی اطاعت قرار دیا۔

دکن میں علم حدیث کی خدمت

محدثین کرام -رحہم اللہ- نے احادیث مبارکہ کی حفاظت کے لئے اپنی زندگیوں کو وقف کردیا،اور دنیا کے شرق وغرب کو احادیث کریمہ کے انوار سے منور کیا۔

علم حدیث کی خدمت میں ہندوستان کو امتیازی مقام حاصل ہے اورحیدرآباد دکن کی تاریخ میں حدیث شریف کی خدمت واشاعت کے حوالہ سے ابو الحسنات حضرت سید عبد اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری محدث دکن رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور آپ کی حدیثی خدمات کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا،آپ عظیم المرتبت محدث،بلند پایہ فقیہ ہونے کے ساتھ روحانیت کے عظیم تاجدار تھے۔آپ نے پانچ ضخیم جلدوں پر مشتمل حدیث شریف کا عظیم مجموعہ بنام ’’زجاجۃ المصابیح ‘‘ کی تالیف فرمائی ۔ زجاجۃ المصابیح فن حدیث کا ایسا کارنامہ ہے ، جس کی اہمیت وضرورت روزافزوں مزیدعیاں وآشکار ہورہی ہے۔

زجاجۃ المصابیح تصنیف فرماکر حضرت سیدی محدث دکن -رحمۃ اللہ علیہ- نے نہ صرف احناف بلکہ کل امت مسلمہ پر بڑا احسان فرمایا، علماء دین ومشائخ طریقت کے ساتھ بالواسطہ عوام الناس بھی اس مقدس کتاب سے استفادہ کرتی ہے او رمسائل شریعت کو بہتر طریقہ سے سمجھنے کے لئے اس کو مشعل راہ بناتی ہے ، جہاں آپ نے زجاجۃ المصابیح کے ذریعہ علم داں طبقہ کے لئے ذخیرۂ علمی فراہم کیا وہیں عوام وخواص کی ہدایت او رانہیں جادئہ ایمان پر استقامت کے ساتھ رہنے کے کئے بزبان اردو کئی ضخیم ومختصر تصانیف تحریر فرمائیں ، جن کے ذریعہ اصلاح ظاہر تصحیح عقائد ، ترقیٔ باطن کا عظیم کارنامہ انجام دیا ۔

زجاجۃ المصابیح کا سبب تالیف خود حضرت مصنف فرماتے ہیں کہ واقعہ یہ ہے کہ حضرت رسول اللہ -صلی اللہ علیہ وسلم- کی حدیثوں کا ایک قیمتی ذخیرہ کتاب مشکوٰۃ المصابیح جس کو علم کے دریا، فہم کے سمندر، دین کی حقیقتوں اور اس کی باریکیوں کو ظاہر کرنے والے، صاحب تقویٰ و تقدس حضرت مولانا ولی الدین محمد بن عبد اللہ خطیب تبریزی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے، حقیقت میں نبی کریم -صلی اللہ علیہ وآلہ سلم-کی حدیثوں کا ایک جامع ترین اور آپ کے پوشیدہ ارشادات کا ایک نہایت نفع بخش ذخیرہ، اپنے فن کی ایک مکمل کتاب اور نادر و نایاب حدیثوں کا ایک کامل دفتر ہے۔

علامہ خطیب تبریزی –رحمۃ اللہ علیہ- کی یہ قیمتی کتاب جس میں انہوں نے حضرت امام شافعی –رحمۃ اللہ علیہ-کے مسلک اور طریقہ کی حدیثوں کو جمع کیا ہے۔

مشکوٰۃ کے بنظر غائر مطالعہ کے بعد میرے دل میں اکثر یہ بات رہا کرتی تھی کہ مشکوٰۃ کی طرز پر ایک کتاب لکھوں جس میں اپنے امام اعظم حضرت ابو حنیفہ -رحمۃ اللہ علیہ- کے مسلک کو اختیار کروں، مگر میری بے بضاعتی مجھے اس مرتبہ کے حاصل کرنے سے روک رہی تھی کہ اسی زمانے میں میں نے خواب دیکھا کہ روزِ رسالت کے درخشاں آفتاب اور شب تاریک کے منور ماہتاب، نور ہدایت اور تاریکیوں کے روشن چراغ ہمارے پیارے اور محبوب آقائے نامدار حضرت نبی اکرم –صلی اللہ علیہ آلہ وسلم- تشریف فرما اور جلوہ افروز ہوئے اور سلام فرمایا،میں نے سلام کا جواب عرض کیا:میری جان آپ پر قربان، آپ نے اپنے سینۂ مبارک سے جو علم اور حکمتوں کا سر چشمہ ہے چمٹا کر گلے سے لگالیا، جب میں نیند سے خوش خوش بیدار ہوا تو اس نعمت پر اللہ تعالی کی حمد کی اور اس کا شکر ادا کیا۔ الغرض اس نیک اور مبارک خواب سے میرا سینہ کھل گیا،اور اس کام کی تمام مشکلات مجھ پر آسان ہوگئیں میں نے اس کتاب کی تکمیل و تالیف کا عزم کرلیا اور اس کے لکھنے کے لئے کمرِ ہمت باندھ لی، بحمداللہ میں نے اس کتاب میں ہر حدیث کے درج کرتے وقت ضرور حضرت رسول اللہ -صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم- پر درود بھیجا ہے اور میں نے ’’زجاجۃ المصابیح ‘‘اس کتاب کا نام تجویز کیا۔

زجاجۃ المصابیح‘حنفی دلائل کا عظیم حدیثی انسائکلوپیڈیا ہے۔