حج کا پہلا دن (یوم الترویہ):

آٹھ (8) ذی الحجہ کو نماز فجر مکہ مکرمہ میں پڑھکر طلوع آفتاب کے بعد منی کی طرف روانہ ہوں-

منی:

منی مکہ مکرمہ سے تقریبا پانچ (5)کیلو میٹر کے فاصلہ پر دوپہاڑوں کے درمیان واقع ہے-

نوٹ: منی کی روانگی کے لئے موجودہ دور میں معلم کی جانب سے گاڑی کا نظم ہوتا ہے ، حجاج کرام کو ان کی قیامگاہ (ہوٹل) سے گاڑیوں کے ذریعہ منی پہنچایا جاتا ہے،اکثر گاڑیاں سات (7) ذی الحجہ کی رات ہی منی روانہ ہوجاتی ہیں اس لئے بہتر ہے کہ نماز عشاء کے بعد ہی احرام باندہ لیں- کیونکہ (7) ذی الحجہ کی رات منی روانہ ہونے میں شرعا کوئي حرج نہیں-

منی جاتے وقت راستہ بھر تلبیہ‘ درود شریف اور دعاؤں میں مصروف رہیں، ظہر سے پہلے منی پہونچ جائیں اور آٹھ ذی الحجہ کی ظہر‘ عصر‘ مغرب ‘ عشاء اور 9! ذی الحجہ کی فجر جملہ پانچ نمازیں منی میں پڑھنا اور وہیں رات گزارنا سنت ہے -

نوٹ: مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد سے منی کی روانگی سے پہلے تک اگر پندرہ دن نہ ہوئے ہیں تو حج کی تمام (چار رکعت والی )فرض نمازوں میں قصر کریں۔

منی میں واقع مسجد خیف کے قریب ٹہرنا مستحب ہے ورنہ حسب سہولت جہاں موقع ہو ٹہرسکتے ہیں،(حکومت کی جانب سے منی میں حجاج کرام کے لئے خیمے لگائے جاتے ہیں ،جس پر معلم کا نمبر ہوتا ہے ،وہاں بھی قیام کیا جاسکتا ہے) منی میں حسب سہولت رات بھر تلبیہ‘ استغفار اور دعائیں کرتے رہیں اور درود شریف کثرت سے پڑھیں۔

نوٹ: منی میں اگر کسی وجہ سے خیمہ حدود منی کے باہر ہوتو حدود منی میں داخل ہوکر کسی مناسب مقام پر قیام کریں