اللہ تعالی نے شوہر اور بیوی کے مابین الفت و محبت کا ایسا رشتہ قائم فرمایا ہےجو ہردو کے لئے راحت و آرام ‘ سکون و اطمینان کا ذریعہ ہے چنانچہ ٰارشاد حق تعالی ہے :
هوالذی خلقکم من نفس واحدة وجعل منها زوجها ليسکن اليها ۔
ترجمہ : وہی ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کی بیوی بنائی تاکہ وہ اس سے سکون حاصل کرے ۔ (اعراف ۔ 189) بیوی اپنے شوہر کی اطاعت گذار ‘ غیبت و حضور میں اس کی خیرخواہ اور فرحت کا باعث ہوتی ہے ۔
عن ابی امامة عن النبی صلی الله عليه وسلم انه يقول مااستفاد المومن بعد تقوی الله خيراله من زوجة صالحة ان امرها اطاعته وان نظراليها سرته و ان اقسم عليها ابرته و ان غاب عنها نصحته فی نفسها ۔۔۔۔۔ و ماله ۔
ترجمہ : سیدنا ابوامامہ رضی اللہ تعالی عنہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے ارشاد فرمایا:
مومن نے خوف خداوندی کے بعد نیک بیوی سے بہتر کوئی نعمت نہیں پائی کہ اگر وہ اسے (بیوی کو ) حکم دے تو وہ اس کی فرماں برداری کرے ۔ اگر اسے دیکھے تو مسرور کردے ۔اگر وہ (کسی چیز سے متعلق )اسے قسم دے تو وہ اس کی قسم پوری کرے اور اگر وہ(شوہر) اس سے غائب ہو تو وہ اپنی ذات اور شوہر کے مال میں خیرخواہی کرے ۔
واضح رہے کہ حدیث شریف میں بیوی پر قسم کھانے کاذکر مثال کے طور پر ہے ورنہ اللہ کے سوا کسی کی قسم جائز نہیں۔
مشکوٰۃ المصابیح شریف ص 281میں حدیث پاک ہے ۔
عن انس قال قال رسول الله صلی الله عليه وسلم المراْة اذا صلت خمسها وصامت شهرها واحصنت فرجها واطاعت بعلها فلتدخل من ای ابواب الجنة ۔ رواه ابو نعيم فی الحلية ۔
ترجمہ : سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے ،حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عورت جب اپنے پنجگانہ اداکرے ‘ ماہ (رمضان ) کے روزے رکھے ۔ شرم گاہ کی حفاظت کرے اور شوہر کی اطاعت کرے تو جنت کے جس دروازہ سے چاہے داخل ہوجائے ۔
جہاں اطاعت گذار فرماں بردار خیر خواہ و غمگسار بیوی کے لئے یہ بشارت ہے وہیں نافرمان اور شوہر کو ناراض کرنے والی عورت کے لئے وعیدیں ہیں۔ مشکوٰۃ شریف ص 280میں حدیث پاک ہے ۔
عن ابی هريرة قال قال رسول الله صلی الله عليه وسلم اذا دعی الرجل امراْته الی فراشه فابت فبات غضبان لعنتها الملئکة حتی تصبح ۔ متفق عليه ۔
ترجمہ : سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے ،حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب مرد اپنی عورت کو بستر کی طرف بلائے اور وہ انکار کرے اور شوہر حالت غصہ میں رات گذارے تو فرشتے اس (عورت ) پر لعنت کرتے ہیں یہاں تک وہ صبح کرے ۔ (بخاری ۔مسلم )
عن جابر قال قال رسول الله صلی الله عليه وسلم ثلاثة لايقبل لهم صلوة ولاتصعد لهم حسنة. العبد الابق حتی يرجع الی مواليه فيضع يدہ فی ايديهم .والمراْة الساخط عليها زوجها. والسکران حتی يصحو۔ رواہ البيهقی فی شعب الايمان ۔ (مشکوۃ شریف ص 283) ۔
ترجمہ : سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے ، حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تین اشخاص ایسے ہیں۔ نہ ان کی کوئی نماز قبول کی جاتی ہے اورنہ کوئی نیکی(آسمان پر) چڑھتی ہے ۔
(1) بھاگا ہوا غلام یہاں تک کہ اپنے آقاؤں کے پاس لوٹ آئے اور اپنا ہاتھ ان کے ہاتھ میں رکھ دے ۔
(2)وہ عورت جس کا خاوند اس سے ناراض ہو –
(3)نشہ کرنے والا یہاں تک کہ ہوش میں آئے ۔
بیوی کو چاہئے کہ ہر طریقہ سے شوہر کی اطاعت و فرماں برداری کرکے اس کو راضی اور خوش رکھنے کی کوشش کرے اور ہر حال میں اس کے لئے نصح و خیرخواہی کرے ۔