رمضان میں عمرہ کرنا حج کے برابر ہے،دربار اقدس میں حاضری موجب سعادت دارین
ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے زير اہتمام مسجد ابو الحسنات پھول باغ جہاں نما حیدرآباد میں15 اگسٹ بروز ہفتہ بعد نماز مغرب منعقدہ ہفتہ واری توسیعی لکچر بعنوان"عمرہ وزيارت طریقہ وفضیلت" میں حضرت فقیہ ملت مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹرنے فرمایاکہ تمام عبادات کی ادائی کے لئے حسن نیت واخلاص کو بطور شرط بیان فرمایا گیا ہے ،حج وعمرہ کا مقصود بھی اللہ تعالی رضا وخوشنودی ہی ہو،کسی بھی فریضہ کی ادائی سے پہلے اس کے طور وطریق معلوم کرليے جائيں تاکہ اسے عمدگی کے ساتھ ادا کیا جاسکے،بسا اوقات خطا کی وجہ سے وہ صحیح نہیں قرار پاتا اور بسا اوقات انسان عبادت کی نورانیت سے محروم رہ جاتا ہے-
عمرہ کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنی سنت کریمہ قرار دیا ہے،عمرہ کے ذریعہ بندے کو اپنے مولی کا قرب حاصل ہوتا ہے،حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا :تم پے درپے حج وعمرہ کیا کرو کیونکہ حج وعمرہ گناہوں کو ایسے ہی دفع کرتے ہیں جیسے آگ لوہے کے میل وکچیل کو دور کردیتی ہے-
صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ایک عمرہ دوسرے عمرہ تک درمیان کے گناہوں کا کفارہ ہے اور حج مقبول کا بدلہ صرف جنت ہے ۔
سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے حضرت ضیاء اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے فرمایا کہ عمرہ کے لئے کوئی خاص وقت مقرر نہيں ایا م حج کے سوا کسی بھی وقت ادا کیا جاسکتا ہے، اس مقدس سفر کے آ‏غاز سے قبل جن کے حقوق ہم پر ہیں پہلے ان کے حقوق ادا کردیں، کثرت سے توبہ واستغفار کریں- رمضان میں عمرہ کی فضیلت سے متعلق حضرت ضیاء ملت دامت برکاتہم العالیہ نے فرمایا کہ جس طرح رمضان شریف میں نفل پڑھنا ایک فرض کے برابر ہے اسی طرح رمضان میں عمرہ کرنا حج کے برابر ہے ۔ اور حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حج کرنے کے برابرہے۔ جامع ترمذی شریف میں حدیث پاک ہے: حضرت ام معقل رضی اللہ عنہا‘ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ آپ نے ارشاد فرمایا : رمضان میں ایک عمرہ ایک حج کے برابر ہے۔
حضرت فقیہ ملت دامت برکاتہم العالیہ نے مکمل طریقہ عمرہ بیان فرمانے کے بعد زیارت روضہ مقدسہ کے فضائل ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں حاضری قرب خدا کا ذریعہ اور موجب سعادت دارین ہے-
حضرت عبد اللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جس نے میرے روضئہ اقدس کی زيارت کی اس پر میری شفاعت واجب ہوگئی-(سنن دارقطنی:کتاب الحج،حدیث نمبر:2727-
بیھقی شعب الایمان،باب فضل الحج والعمرۃ، حدیث نمبر:4000-
جامع الاحادیث المراسیل، حدیث نمبر:22304-
مجمع الزوائد،باب زیارۃ سیدنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ، حدیث نمبر:ج،4،2-
کنز العمال، حدیث نمبر:42583