Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

News

باجماعت نماز،فوائد وحکمتیں


انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے دائمی خلوت وتنہائی سے متنفر اور اکثر جلوت وانجمن کا دلدادہ واقع ہوا ہے، لوگوں سے میل جول رکھنا نہ صرف اسکی فطرت ہے بلکہ فلاح فرد ومعاشرہ کیلئےلازم وضروری ہے، اللہ تعالی نے اسکی عادت واستطاعت کے مطابق روزانہ پانچ مرتبہ،ہفتہ میں ایک بار اور سال میں دوبار اجتماعی عبادت کیلئے انسان کو ایک قانون عطا فرمایا جسکو جماعت کہا جاتاہے، اور نماز کیلئے جماعت کو لازم گردانا گیا تاکہ عبادت کے ساتھ عوام وخواص کو ایک دوسرے کے احوال جاننے کا موقعہ ملے اور غیر متعارف اشخاص کے درمیان تعارف کی راہ ہموار ہو جس سے الفت ومحبت کا بیج قلوب میں ڈالا جاتا ہے اور زندگی خوشحالی وراحت وسکون کی فضاؤں سے لہلہانے لگیگی۔

دین اسلام میں باجماعت نماز کے لزوم میں کئی حکمتیں اور مصالح پوشیدہ ہیں۔

جماعت میں علماء دین ودانشورانِ ملت شریک ہونگے تو عوام الناس کو ان سے اپنےدینی وملی مسائل حل کرنے کا موقع بہ آسانی فراہم ہوگا۔

باجماعت نماز ادا کرنے کیلئے اہل ثروت بھی آئینگے اور غرباء بھی، مالدار وتجار حضرات کو اپنی زکوٰة یا صدقات نافلہ،عطایا وغیرہ دینے کیلئے فقراء ونادار لوگوں کو تلاش کرنے کی زحمت گوارا نہ کرنی پڑیگی،کیونکہ تنگدست لوگ بھی جماعت میں حاضر ہونگے تو انکی معاونت کیلئے راہ ہموار ہوگی۔

 

رب العزة کی عبادت کیلئے لوگ ایک جگہ جمع ہونگے تو ان میں اہل اللہ متدین اصحاب کی شرکت ہوگی ،پاکیزہ نفوس کی معیت میں عبادت کی جائے تو انسانی قلوب دربار الہی میں متوجہ رہتے ہیں اور نیک لوگوں پر نزول رحمت ہوگی تو عمومیت کے ساتھ ہوگی چنانچہ بد باطن انسان بھی اسکا حصہ پائینگے،اسی لئے نماز استسقاء ادا کی جاتی ہے کہ اہل اللہ کی برکت سےاللہ تعالی گنہ گاروں پر باران رحمت نازل فرماے جیساکہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں: فلاجتماع المسلمین راغبین فی اللہ راجین راہبین منہ مسلمین وجوھھم الیہ خاصیة عجیبة فی نزول البرکات وتدلی الرحمة۔ ﴿حجة اللہ بالغة،ج2 با ب الجماعة ص:25﴾

 

لزوم جماعت کا ایک فائدہ دین اسلام کی سربلندی واعلاء کلمة الحق ہے، نماز پنجگانہ اور جمعہ و عید ین میں شرکت کیلئے مسلمان اپنے کاروبار چھوڑکر مساجد کی طرف رواں دواں ہونگے تو ہرگلی وہر راستہ میں غیر مسلمین پر رعب ودبدبہ چھا جائیگا اوراس اجتماعی عظیم نظام کو دیکھ کر انکے دل متاٴثر ہوکر رہینگے،چنانچہ جماعت شعائر اسلام سے ہے اور حق تعالی کی طاعت میں بہتر ومشہور اطاعت ہے ، اسکی پابندی اہل اسلام پر لازم وضروری گردانی گئی ہے۔