Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

News

حجاج ومعتمرین اللہ تعالی کے مہمان


حجاج ومعتمرین اللہ تعالی کے مہمان

ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے حج تربیتی اجتماع سے حضرت ضیاء ملت ودیگر کے خطابات

حج بیت اللہ ‘ایک عظیم سعادت ہے،بارگاہ الہی سے منتخب افراد کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے،یہ وہ مقدس ترینفریضہ ہے جس پرحضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے ادا کرنے والوں کے حق میں خصوصی بشارت دی ہے،’’جس نے اللہ تعالی کی رضاء کے لئے حج کیا اور اس نے نہ بے حیائی کا کوئی کا م کیا اور نہ فسق و فجور کا مرتکب ہوا وہ اس دن کی طرح گناہوں سے پاک ہوکر لوٹے گا جس دن کہ اس کی ماں نے اسے جنم دیا تھا‘‘۔(صحیح بخاری،حدیث نمبر:1521)

ان حقائق کا اظہار حضرت ضياء ملت مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی مجددی قادری دامت برکاتہم شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ وبانی انوار العلوم ابو الحسنات نے ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام حج تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔

اس موقع پرحضرت ضیاء ملت نے مفصل طور پر حج کے مناسک بیان کئے اورکہا کہ سورۂ آل عمران کی آیت نمبر:97میں ارشاد خداوندی ہے: اللہ تعالی کے لئے لوگوں پر کعبۃ اللہ کا حج فرض ہے جو اس تک پہنچنے کی استطاعت رکھے اور انکار کرے تو اللہ تعالی سارے جہانوں سے بے نیاز ہے۔

سنن ابن ماجہ میںحضرت ابوہریرہ رضي اللہ عنہ سے روایت ہے: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :حج اور عمرہ کرنے والے اللہ تعالی کے مہمان ہیں‘اگر وہ اللہ تعالی سے کوئی دعامانگتے ہیں تو وہ قبول فرماتا ہے اور اگروہ مغفرت طلب کرتے ہیں تو اللہ تعالی ان کو بخش دیتا ہے۔دوران خطاب مفتی صاحب نے کہا کہ حجاج کرام‘ایک بامقصد سفر پرہوتے ہیں،ایسے لمحات زندگی میں باربارنہیں آتے،وہ اپنے قیام کو غنیمت جانیں،اور اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ وہ اس دربارمیں حاضر ہیں جہاں ہر لمحہ انوار وتجلیات کا نزول ہوتا رہتا ہے ،یہاں کی عبادتوں پر خصوصی اجر وثواب کی بشارت دی گئی ہے،یہاں قدرت الہی کی واضح نشایاں موجود ہیں،اس لئے یہاں حاضری کے مخصوص آداب بیان فرمائے گئے ہیں ، اس سرزمین مقدس کی یہ شان ہے کہ سارے ہی انبیاء ومرسلین یہاںتشریف لائے ، کعبہ مقدسہ کا طواف فرمایا ، امت کے صلحاء ومقربین نے طواف کیا ۔حجاج کرام ومعتمرین اگر اس زاویۂ نگاہ سے حرم شریف کی زمین کے بارے میں غور کریں اور حدود حرم میں داخل ہوتے ہوئے اس جانب توجہ کریں تو ان کی کیفیات ہی بدل جاتی ہیں ، اپنی حقیقت پیش نظر ہوجاتی ہے ، شعورِبندگی جاگتا ہے،کرم کی بارش ہوتی ہے اور سرفرازی سے بہرہ اندوز ہوجاتے ہیں۔

مولاناحافظ سید محمد مصباح الدین عمیر نقشبندی صاحب فاضل جامعہ نظامیہ نے مناسک عمرہ بیان کئے اور مولانا حافظ سید محمد بہاء الدین زبیر نقشبندی صاحب فاضل جامعہ نظامیہ نے زیارت روضۂ اطہر کے فضائل وآداب کے عنوان پر خطاب کیا۔

علماء وخطباء اور حفاظ کے علاوہ عازمین حج اورعوام کی کثیر تعدادشریک محفل رہی۔سلام ودعاء پرمحفل کااختتام عمل میں آیا۔