Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

News

زمانہ کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے قوم کی صحیح رہبری کرنا، ائمہ کرام کی ذمہ داری


زمانہ کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے قوم کی صحیح رہبری کرنا، ائمہ کرام کی ذمہ داری

دوروزہ ائمہ وخطباء ورکشاپ میں ممتازعلماء ودانشوران کے لکچررس

 

ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ ،،دوروزہ کل ہندائمہ وخطباء ورک شاپ ،، میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے فرمایا کہ ائمہ وخطباء کی شخصیت کا قوم پر بڑا اثر ہوتا ہے ، ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی شخصیت ،وجاہت ، علمی لیاقت اور تدبر وفراست سے قوم کو درپیش مسائل کا حل بتلائیں ، امام کا کام صرف نماز پڑھانا ہی نہیں بلکہ زمانہ کے تقاضوں اور قوم کے احساسات کو سمجھتے ہوئے ان کی صحیح رہبری کرنا بھی ہے ۔

حضرت مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے فرمایا کہ آج کے اس پر فتن دور میں اہل علم کی دوہری ذمہ داری ہے کہ وہ اصلاح عقائد واعمال کا فریضہ انجام دیتے ہوئے جدید چیالنجس کا مدلل اور تشفی بخش جواب دیں ۔

حضرت مولانا مفتی سید عبدالرشید قادری صدر مدرس دارالعلوم دینیہ بارگاہ بندہ نواز گلبرگہ نے کہا کہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ وہ مصلح قوم وملت ہے کہ جن کی علمی وتحقیقی ،سماجی واصلاحی اورادبی خدمات کوفراموش نہیں کیا جاسکتا،آپ،ارض دکن پراسلامی تعلیم کے عظیم محرک ہیں۔

حضرت مولانا سیدشاہ عزیزاللہ قادری شیخ العقائدجامعہ نظامیہ نے کہا کہ آج ہرباطل فرقہ کادعوی ہے کہ وہ حق پرہے،ان کی گمراہی کاسبب یہ ہے کہ وہ قرآنی آیات سے اپنی عقل وفہم سے ایسے معنی اخذکرتے ہیں کہ دوسری آیات کاانکارہوجاتاہے۔سلامتی اورنجات کاراستہ یہ ہے کہ ایک آیت کودوسری آیت اورقرآن کواحادیث کے ذریعہ سمجھاجائے۔

حضرت مولانا مفتی حافظ سیدصادق محی الدین فہیم بانی وصدردارالافتاء والقضاء للہند نے کہ کہ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے؛جس میں انسانی زندگی کے تمام اصول وضوابط موجودہیں۔

مولانا نے اعضاء کی پیوندکاری،نٹ ورک مارکٹنگ،سرجری،مشینی ذبح اوردیگرجدیدمسائل کا شرعی حل بیان کیا۔مولانا ڈاکٹرحافظ سیدبدیع الدین صابری صدرشعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ کسی ماہرشریعت کی رہنمائی میں شریعت پرعمل کرنا تقلیدکہلاتاہے۔

ائمہ کرام "شارع"شریعت بنانے والے نہیں بلکہ "شارح"شریعت بتانے والے ہیں۔صحابۂ کرام اپنی علمی واجتہادی صلاحیتوں کے باوجود،،اہل فتوی،،صحابہ کی تقلیدکیا کرتے تھے۔

مولانا مفتی سیدرؤف علی قادری صدرمدرس دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹ نے کہا کہ مدارس میں اسلامی نصاب تعلیم اس طرح مقررکیا جائے جوزمان ومکاں اوراقوام کے تنوع پرحاوی ہو،تدوین نصاب میں بچوں،بڑوں اورخواتین کی ضروریات کاخیال رکھاجائے ؛تاکہ نصاب ہرایک کے لئے مفیدثابت ہو،تعلیم کے ساتھ تربیت پربھی توجہ دی جائے اورطلبہ میں فرض شناسی کاجذبہ پیداکیا جائے۔

مولانا مفتی حافظ سیدضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ وبانی ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر نے کہا کہ مستشرقین اوراسلام دشمن طاقتیں آئے دن نئے اندازمیں اسلام کے مسلمہ قوانین اورسیرت طیبہ پرمختلف اعتراضات کرکے نوخیزنسل کے ذہنوں میں شکوک وشبہات پیداکررہے ہیں،ایسے وقت اہل اسلام،بالخصوص ارباب علم کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے تشفی بخش اورمدلل جواب دیں اوراسلام کے محاسن اورپیغمبراسلام کی پاکیزہ زندگی اوربے داغ کردارکودنیا کے سامنے پیش کریں۔

مولانا حافظ میرلطافت علی شیخ التفسیرجامعہ نظامیہ نے کہا کہ خواتین کی اصلاح نہایت ضروری ہے؛کیونکہ ایک عورت جب دیندارہوتی ہے تواس کے گود میں پلنے والے بچے بھی صحیح تربیت پاتے ہیں،خواتین حدودشریعت میں رہتے ہوئے اصلاح ودعوت کا کام انجام دیں۔

مولانامفتی سیدعبدالرؤف مفتی دارالعلوم دینیہ بارگاہ بندہ نوازگلبرگہ نے کہا کہ موجودہ دور،،میڈیا،، کادورہے، مبلغین اورداعیان اسلام کوچاہئے کہ وہ اسلام کی رہنمایانہ تعلیمات کوعام کرنے میں الکٹرانک اورپرنٹ میڈیاکااستعمال کریں۔ مولانا حافظ سیدصغیراحمدنقشبندی نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے اپنے مقالہ میں نمازکامکمل طریقہ احادیث کریمہ کی روشنی میں بیان کیا۔

مولانا محمدایوب اشرفی بانی ومہتمم جامعہ اشرفیہ حسامیہ پونا نے کہا کہ ائمہ وخطباء اپنے مصلیان اورکمیٹی کے افرادکے ساتھ بہترتعلقات رکھیں،دوراندیشی،حکمت ومصلحت سے کام لیں اوروقت کے حالات ومسائل کااپنے علم اورتجربات کی روشنی میں حل بیان کریں۔

مولانا شاہ محمدفصیح الدین نظامی نے کہا کہ ائمہ کرام،مسندامامت کے ذریعہ نیابت رسول کا فریضہ انجام دیتے ہیں،کامل خطیب کی یہ نشانی ہے کہ وہ حالات کاجائزہ لے کرکتاب وسنت کی روشنی میں قوم کی رہنمائی کرے اورحقائق کوسامنے لاکرفکرونظرکوروشن کرے۔

مولانا محمدحامدحسین حسان فاروقی نگران سنی دعوت اسلامی اے۔پی نے کہا کہ قوم کے درمیان امام کی حیثیت ہردورمیں ایک معتمدعلیہ اوربافیض رہنماء کی رہی ہے،ائمہ کرام کوچاہئے کہ مساجدمیں تعلیم وتعلم کے حلقوں کاانعقادکریں۔

مولانا سیدصادق انواری عربک ٹیچرنورالنبی عربک اسکول بیجاپورنے کہا کہ منصب امامت ایک جلیل القدرمنصب ہے،ائمہ اپنے مصلیوں کے اندردینی شعورپیداکریں اورضروری حدتک ان کواحکام اسلامیہ سے واقف کروائیں۔

دوروزہ کل ہندائمہ وخطباء ورک شاپ میں،،بنگلور،پونا،اورنگ آباد،نظام آباد،کریم نگر،عادل آباد،راماگنڈم، ورنگل،منچریال،سرسلہ، پداپلی،ظہیرآباد ، بیدر، گلبرگہ، رائچور، یادگیر،بلہاری،سرگپہ،ہاسپیٹ،نلدرک،شولاپور،ناندیڑ،اننت پور،گنتکل،وجے واڑہ،کڑپہ،محبوب نگر،نارئن پیٹ،جڑچلہ،ونپرتی،کولم پلی،کرنول،یمگنور اور ادونی وغیرہ شہرواضلاع کے ائمہ وخطباء شریک رہے۔