***** دیگر فتاوی مطالعہ کرنے کے لئے داہنی جانب والی فہرست پر کلک کریں *****



مضامین کی فہرست

فتاویٰ > عبادات > نماز کا بیان > متفرق مسائل

Share |
سرخی : f 1422    گھانس پر سجدہ کرنے  کا حکم
مقام : ریڈہلز,
نام : طاہرخالد
سوال:    

ہم چند دوست تفریحی سفر (Picnic Tour) پر آوٹ آف اسٹیٹ گئے ۔ سفر کافی لمبا تھا ۔ سفر کے دوران ایسے مقامات پر بھی نمازیں ادا کرنی پڑیں جہاں نہ مسجدیں تھیں اور نہ آبادی ۔ ایک دو مرتبہ ہم نے گھانس میں بھی نماز ادا کی ۔ گھانس میں نماز پڑھنا ، ہم سب کو اچھا لگا لیکن ایک دوست نے کئی بار کہا کہ گھانس میں نماز نہیں ہوتی ۔ اس کی بات عجیب سی لگی کیونکہ ساری زمین خدا کی ہے تو گھانس میں نماز کیوں نہیں ہوتی ۔ برائے مہربانی میرے اس سوال کا جواب ضرور دیجئے کہ گھانس میں نماز صحیح ہوتی ہے یا نہیں ؟


............................................................................
جواب:    

نماز پڑھنے کا مقام پاک ہونا شرط ہے اور سجدہ ایسے مقام پر کرنا ضروری ہے جس پر اچھی طرح پیشانی ٹک سکے ۔ اگر سجدہ کا مقام اس قدر نرم ہوکہ اس پر پیشانی ٹک جاتی ہے اور اچھی طرح سر رکھ کر سجدہ کرنے سے سر بہت زیادہ نیچے نہیں ہوتا تو سجدہ درست ہوگا ۔ اس کے برخلاف جگہ اتنی زیادہ نرم ہو کہ پیشانی اچھی طرح نہ ٹک سکے اور سر ڈھلکنے لگے تو سجدہ درست نہیں ۔ البتہ اگر اس مقام کی سختی محسوس کرے کہ پیشانی اچھی طرح اس پر ٹک جائے تو گھانس پر بھی سجدہ درست ہے ۔ رد المختار ج1 باب آداب الصلوۃ ص:370 میں ہے : (قولہ و ان یجد حجم الارض) تفسیرہ ان الساجد لو بالغ لا یتسفل راسہ ابلغ من ذلک فصح علی ۔ ۔ ۔ لا علی ۔ ۔ ۔اوحشیش الا ان وجد حجمہ ۔ ترجمہ: سجدہ میں زمین کی سختی پانا ضروری ہے ۔ مطلب یہ ہیکہ اگر سجدہ کرنے والا مبالغہ کے ساتھ سجدہ کرے تو سر اس سے زیادہ نیچے نہ ہو ، اس لئے گدے پر سجدہ درست ہے اور گھانس پر درست نہیں ،اگرسختی محسوس کرے تو درست ہے ۔ آپ نے دوران سفر جس مقام پر گھانس میں نماز ادا کی ہے ۔ اگر وہ مقام پاک تھا اور سجدہ کرتے وقت پیشانی ٹکتی تھی تو سجدہ درست ہے اور ایسی گھانس میں نماز پڑھنا بھی صحیح ہے اور اگر گھانس اتنی زیادہ تھی کہ سجدہ کرتے وقت پیشانی نہیں ٹک رہی تھی تو سجدہ درست نہیں ہوا ۔ اس وجہ سے نماز باطل ہوگی ۔ واللہ اعلم بالصواب– سیدضیاءالدین عفی عنہ، شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر۔ WWW.ZIAISLAMIC.COM حیدرآباد دکن

All Right Reserved 2009 - ziaislamic.com