Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

News

حضرت مولائے کائنات رضی اللہ عنہ اسرار نبویہ کے حامل


حضرت مولائے کائنات رضی اللہ عنہ اسرار نبویہ کے حامل۔

آپ زہد وورع کے پیکر اور رشد وہدایت کے مصدر

حضرت مولائے کائنات کانفرنس سے حضرت ضياء ملت کا خطاب

ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام مسجد ابوالحسنات جہاں نماحیدرآبادمیں اکتیسواں عظیم الشان اجلاس عام بعنوان"حضرت مولائے کائنات کانفرنس"حضرت علامہ مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی مجددی قادری دامت برکاتہم العالیہ شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ وبانی ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔

حضرت ضیاء ملت دامت برکاتہم نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ حضرت مولائے کائنات سیدنا علی مرتضی رضی اللہ عنہ وہ عظیم المرتبت شخصیت ہے جس کی زندگی کا ہر پہلو درخشاں اور ہر باب تابناک ہے۔

حضرت مولائے کائنات رضی اللہ عنہ فضائل وکمالات کے جامع،زہد وورع کے پیکر اور رشد وہدایت کے مصدر ہیں۔

آپ کی محبت ایمان کی علامت اور آپ کا تذکرہ عبادت ہے۔ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:علی رضی اللہ عنہ کا ذکر عبادت ہے۔

حضرت مولائے کائنات رضی اللہ عنہ کی شان وعظمت کے حوالہ سے رئیس المفسرین،حبر الامۃ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ قرآن کریم میں آٹھ سو(800)آیات حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ کی شان میں نازل ہوئی ہیں۔

جماعت صحابہ میں یہ بات معروف تھی کہ حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ کی محبت ایمان کی علامت اور آپ سے بغض نفاق ہے۔

صحیح بخاری میں ہے کہ حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم فرماتے ہیں کہ ہم حضرت علی رضی اللہ عنہ کی محبت کے ذریعہ منافقین کو پہچان لیا کرتے تھے۔

اس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ سے محبت کیا کرتے تھے،اور جو آپ سے بغض رکھتا اس کومنافق مانتے تھے۔نہ کوئی صحابی منافق ہوسکتے ہیں اور نہ کوئی منافق ‘صحابی ہوسکتاہے۔ص

حیح بخاری میں حدیث مبارک ہے:غزوۂ خیبر کے موقع پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:کل میں ایک شخص کو جھنڈاعطا کروں گا جن کے ہاتھ پر اللہ خیبر فتح کرے گا، جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرنے والا ہوگا، اور اللہ اور اس کے رسول اس سے محبت کرتے ہوں گے، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم فرماتے ہیں کہ ہم سب انتظار میں تھے کہ یہ سعادت ہم میں سے کس کو ملے گی ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو یاد فرمایا، اس وقت آپ کو آشوب چشم لاحق تھا،جب آپ کو حضور کی خدمت میں پیش کیا گیاتو آپ نے ان کی چشمان مبارک میں اپنالعاب دہن مبارک ڈالا اور پرچم اسلا م عطا فرمایا،اور اللہ تعالیٰ نے ان کے ہاتھ پر خیبر فتح کر دیا۔

حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ محبوب خداورسول ہیں،آپ محبت میں ایسے کامل تھے کہ محبت محبوبیت میں بدل گئی۔

جامع ترمذی میں روایت ہے کہ طائف میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ سے رازدارانہ گفتگو کی،جب گفتگو کا سلسلہ طویل ہوا تو کسی نوجوان نے کہا کہ حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے چچا زاد کے ساتھ طویل سرگوشی کی،آپ نے ارشاد فرمایا:میں نے سرگوشی نہیں کہ بلکہ اللہ تعالی نے علی سے رازدارانہ گفتگو کی ہے۔

حضرت مولائے کائنات رضی اللہ عنہ کی علمی جلالت،بصارت وبصیرت،فقاہت وذکاوت مسلم الثبوت ہے۔

آپ کو قرآن کریم کا خصوصی علم عطا کیا گیا تھا،آپ آیات قرآنیہ کے حقائق ومعارف،اسرار ورموز سے مکمل واقف تھے،قرآنی کلمات کے معانی کو بھی جانتے تھے اور مراد ربانی کو بھی، آپ نے براہ راست حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے علوم ومعارف حاصل کئے ہیں،آپ علم وحکمت کے وہ بحر ذخار ہیں جس کی گہرائی اور گیرائی کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان فیض ترجمان سے ہونے والا اعلان آپ کی علمی جلالت پر شاہد عدل ہے،آپ نے ارشاد فرمایا:میں علم وحکمت کا گھر ہوں اور علی رضی اللہ عنہ اس کا دروازہ ہیں۔(جامع ترمذی)۔

شہادت سے قبل آپ مشرق کی جانب متوجہ ہوکر فرمائے:اے صبح صادق! تجھ کو قسم ہے اس اللہ کی جس کے حکم سے تو نکلتی ہے! کل قیامت میں گواہی دینا کہ جب سے کہ میں نے سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی ہے آج تک کبھی تو نے مجھ کو سویا ہوا نہیں پایا تیرے نکلنے کے پہلے میں بیدارہوگیا ہوں۔پھر سجدہ کئے اورعرض کرنے لگے:الٰہی!کل قیامت میں جب کہ ہزارہا پیغمبر حاضر ہوں گے ملائکہ، صدیقین، شہداء تیرے عرش عظیم کو دیکھ رہے ہوں گے اس وقت تو گواہی دینا کہ جب سے میں تیرے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لایاہوں کبھی اُن کا خلاف نہیں کیا۔

سلام ودعاء پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا۔

مولانا حافظ سید محمد مصباح الدین عمیر نقشبندی صاحب عالم جامعہ نظامیہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔

www.ziaislamic.com