Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

Mufti Maulana Syed Zia Uddin Naqshbandi Quadri

Shaik-ul-Fiqh - Jamia Nizamia


Abul Hasanaat Islamic Research Center

News

خانقاہی نظام اورامن سلامتی کا فروغ


خانقاہی نظام اورامن سلامتی کا فروغ

قرآن کریم میں بے شمار مقامات پر تزکیہ نفس اور صفائی باطن کے اہتمام کا حکم دیا گيا ، اللہ تعالی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بعثت کے مقاصد اور آپ کے منصب رفیع کے متعلق ارشاد فرمایا :يَتْلُو عَلَيْهِمْ آَيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ۔

ترجمہ:وہ رسول ان پر اس کی آیات پڑھ کر سناتے ہیں اور ان کے نفوس کو پاک وصاف کرتے ہیں اور انہيں کتاب وحکمت کا علم عطا کرتے ہيں-(سورۃ الجمعۃ:2)

 Ø­Ø¶ÙˆØ± اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم Ú©ÛŒ اتباع وپیروی میں آیات بینات Ú©ÛŒ تعلیم اور باضابطہ تلاوت کا اہتام درسگاہوں میں ہوتا ہےاور اصلاح باطن اور تزکیہ نفس کا کام خانقاہوں میں ہوتا ہے- حضرات اولیاء کرام Ù†Û’ اصلاح عقائد واعمال،تزکیہ نفس ،تصفیہ قلب،تجلیہ روح اور افادہ عامہ Ú©ÛŒ خاطر روحانیت Ú©Û’ عظیم مراکز" خانقاہیں" قائم کئے،جہاں سے ان بوریا نشیں درویشوں Ù†Û’ وہ کارہائے نمایاں انجام دیا جو کسی تخت نشیں ،صاحب اقتدار حکمراں سے بھی نہ ہوسکے ،انہیں داعیان حق ومبلغین اسلام Ú©ÛŒ نسبت اللہ تعالی Ù†Û’ ارشاد فرمایا:

وَمَنْ أَحْسَنُ قَوْلًا مِمَّنْ دَعَا إِلَى اللَّهِ وَعَمِلَ صَالِحًا وَقَالَ إِنَّنِي مِنَ الْمُسْلِمِينَ۔

ترجمہ:اور اس شخص سے زیادہ خوش گفتار کون ہوسکتا ہے جو اللہ کی طرف بلائے اور نیک عمل کرے اور کہے:میں (حکم خداکے آگے)جبین نیاز خم کرنے والوں میں سے ہوں۔(سورۂ حم سجدہ:33)

خانقاہی نظام کی اہمیت وافادیت اور اس کی اصل " سورۂ عنکبوت"کی آیت نمبر"45"میں بیان کی گئی ہے:

اتْلُ مَا أُوحِيَ إِلَيْكَ مِنَ الْكِتَابِ وَأَقِمِ الصَّلَاةَ إِنَّ الصَّلَاةَ تَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَلَذِكْرُ اللَّهِ أَكْبَرُ وَاللَّهُ يَعْلَمُ مَا تَصْنَعُونَ۔

 Ø§Ù„لہ تعالی Ù†Û’ اس آیت کریمہ میں تلاوت قرآن ،ادائی نماز کا Ø­Ú©Ù… دیا ،اور اہتمام ذکر Ú©ÛŒ ترغیب دی ،مفتی صاحب Ù†Û’ فرمایا کہ انہیں تین مقاصد Ú©ÛŒ تکمیل Ú©Û’ لئے Ø­Ú©Ù… الہی Ú©ÛŒ روشنی میں تین مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ،کثرت تلاوت قرآن Ú©Û’ لئے مدرسہ ،باجماعت نماز Ú©ÛŒ ادائی Ú©Û’ لئے مسجد اور اہتمام ذکر Ú©Û’ لئے خانقاہ بنائے گئے- خانقاہوں میں خصائل رذیلہ اور صفات مذمومہ سے نفس Ú©Ùˆ پاک کیا جاتا ہے،اور اخلاق عالیہ اور صفات حمیدہ سے مزین کیا جاتا ہے جوکہ مطلوب قرآن ہے-

خانقاہیں بیک وقت عبادت خانہ ،درسگاہ اورتربیت گاہ ونیز روحانی وجسمانی شفاخانہ اورلنگرخانہ بھی ہیں ۔ جہاں اوراد ووظائف ،مراقبہ ومجاہدہ ، عبادت وریاضت کی جاتی وہیں اچھے اخلاق وآداب سکھائے جاتے ،انکے ایک ایک عمل پر نظررکھی جاتی اور انکی اصلاح کی جاتی ۔شفاخانہ میں بیماروں کو دوا اور دعاء دونوں ملتی ، جہاں بلالحاظ مذہب وملت ایک دوسرے کا درد بانٹا جاتا،اخوت وبھائی چارہ ،رواداری ودرد مندی کا سبق دیاجاتا،آپس میں شیروشکر ہوکر ایک دوسرے کے مسائل سے واقفیت حاصل کی جاتی ، فقراء و مساکین اور مسافروں کو کھانا ملتا، پہننے کیلئے کپڑوں کا انتظام اور قیام کیلئے بستراور دوسری ضرورتوں کا اہتمام کیا جاتا۔

امن وسلامتی کے فروغ میں خانقاہوں کا اہم حصہ رہا ہے،خانقاہیں امن کے وہ مراکز ہیں کہ ٹوٹے ہوئے دلوں کو اسطرح جوڑ دیا جاتا کہ پتہ بھی نہیں چلتا کہ یہ کہاں سے ٹوٹےتھے۔

حضرت بندہ نواز رحمہ اللہ کی خانقاہ میں ایک ارادت مند نے دوسرے شخص سے"تو"کہہ کر بات کی ،آپ نے اسے ٹوکا اور فرمایاکہ یہ بات کرنے کاکیا طریقہ ہے ؟ اس شخص نے کہا کہ حضرت یہ تو غیر مسلم ہے ،آپ کا چہرہ جلال و غصہ سےسرخ ہوگیا اور اس شخص کو متنبہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ شخص انسان بھی تو ہے !غور کیجئے کہ جو حضرات یہ گوارانہ کرسکتے ہوں کہ کسی غیر مسلم سے "تو" کہہ کر بات کی جائے تو بھلا وہ غیرمسلمین کوتکلیف واذیت دینے ، انکے جان ومال کے درپہ آزار ہونے کو کیسے برداشت کرسکتے ہیں ؟

حضرت خواجہ نظام الدین محبوب الہی رحمۃ اللہ تعالی علیہ Ú©ÛŒ خدمت میں جب حضرت سراج الدین رحمۃ اللہ تعالی علیہ بیعت وارادت Ú©ÛŒ نیت سے حاضر ہوئے تو حضرت Ù†Û’ فرمایا:پہلے علوم ظاہری Ú©ÛŒ تکمیل کرلو!چنانچہ حضرت Ú©ÛŒ خانقاہ  میں ان Ú©ÛŒ تعلیم کا نظم کیا گیا،چھ ماہ Ú©Û’ اندر ہی انہوں Ù†Û’ علوم اسلامیہ میں مہارت تامہ حاصل کرلی، ہدایة النحو نامی مشہورومعروف کتاب انہی Ú©ÛŒ تالیف ہے۔

مسلمان اپنے قول وفعل ،گفتار وکردار ہر لحاظ سے امن وسلامتی کا پیکر ہوتا ہے،حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےارشاد فرمایا:بندۂ مؤمن تو مرکز محبت و الفت ہوتا ہے ،اس شخص میں کوئی بھلائی نہيں جو کسی سے محبت نہ کرے اور نہ کوئی اس سے محبت کرے۔

از:مولانا مفتی حافظ سیدضياء الدین نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ

شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ وبانی ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر،حیدرآبادالہند

www.ziaislamic.com